سرگودھا میں سیوریج نظام کی بہتری کیلئے پنجاب سیٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت عملی اقدامات کا آغاز

جمعہ 11 جولائی 2025 15:51

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی فلیگ شپ میگا پراجیکٹ پنجاب سیٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودھا شہر کی 22 یونین کونسلوں کے سیوریج نظام کی مکمل اپ گریڈیشن اور ڈسپوزل سٹیشنز کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، سی او ایم سی ماجد بن احمد، پی ایم ایف سی اور ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے ٹیکنیکل ماہرین کے ساتھ شرکت کی۔

اجلاس میں ایس ای پبلک ہیلتھ نے منصوبے سے متعلق حالیہ سٹڈی، سفارشات اور تخمینہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

شرکاء کو نئے تجویز کردہ ڈسپوزلز، باکس چینلز کی تعمیر، پرانی سیور لائنز کی تبدیلی، نئی پائپ لائنز کی تنصیب اور پرانے نظام کی اپ گریڈیشن سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ واسا فیصل آباد کے ڈائریکٹر، پی ایم ڈی سی اور میونسپل کارپوریشن کے ماہرین پر مشتمل ٹیکنیکل ٹیم اس سٹڈی کا باریک بینی سے جائزہ لے گی۔

ٹیم فیلڈ میں جا کر مائیکرو لیول پر پلاننگ کرے گی اور اس کے بعد تیار کردہ سفارشات کو شہر کے اسٹیک ہولڈرز، تاجروں اور عوام کے سامنے رکھا جائے گا تاکہ ان کی آراء کو شامل کرتے ہوئے منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے اس منصوبے کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا وژن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ 13 ارب روپے کا منصوبہ سرگودھا کے سیوریج مسائل کا دیرپا حل فراہم کرے گا اور شہر کی 2050 تک کی ضروریات کو پورا کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ یونین کونسل کی سطح گلی محلہ پر جا کر تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ہر پہلو کو مدِنظر رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ بنیادوں پر جامع منصوبہ بندی کی جائے۔انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ اس اہم منصوبے میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، وقت اور تجربہ بروئے کار لائیں تاکہ ایک قابلِ عمل اور پائیدار نظام تشکیل دیا جا سکے۔ اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق ہوا کہ منصوبے کی حتمی منظوری تک تسلسل کے ساتھ ایسے اجلاس اور مشاورتی سیشنز جاری رکھے جائیں گے۔