نئی نسل کی بہترین پرورش اورانہیں بااختیار بنایا جائے تو وہ پاکستان کی ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے، شہبازشریف

جمعہ 11 جولائی 2025 18:37

نئی نسل کی بہترین پرورش اورانہیں بااختیار بنایا جائے تو وہ پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس سال کا تھیم نوجوانوں کو بااختیار بنانا کہ وہ ایک منصفانہ اور پرامید دنیا میں اپنے مطلوبہ خاندانوں کو تشکیل دے سکیں پاکستان کی آبادیاتی صورتحال کے لیے اہم پیغام رکھتا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 242 ملین تک پہنچ چکی ہے، جس میں 65 فیصد نوجوان 30 سال سے کم عمر ہیں۔

یہ نوجوانوں کی بڑی تعداد ایک طرف پاکستان کے لیے غیر معمولی مواقع فراہم کرتی ہے، لیکن دوسری طرف آبادی کی بڑھتی ہوئی شرح کے باعث عوامی وسائل اور حکومتی نظام پر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر نئی نسل کی بہترین پرورش اور انہیں بااختیار بنایا جائے تو وہ پاکستان کی ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ حکومت آبادی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے صحت کی دیکھ بھال، خاندانی منصوبہ بندی اور دیگر اہم اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز، وفاقی اور صوبائی حکومتوں، ترقیاتی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ آبادی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ ذمہ داری کا اعادہ کریں اور پاکستان کو ایک صحت مند اور خوشحال مستقبل کی طرف گامزن کریں۔