لاہور: غازی آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک زخمی ڈاکو گرفتار، دوسرا فرار

موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک اپنے ہی ساتھی کی گولی سے زخمی ہو گیا

جمعہ 11 جولائی 2025 20:25

لاہور: غازی آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک زخمی ڈاکو گرفتار، دوسرا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) غازی آباد کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق 15 پر کال موصول ہوئی کہ دو موٹرسائیکل سوار افراد شہریوں سے موبائل فون چھین رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری ناکہ بندی کی اور مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس نے حفاظتی تدابیر کے تحت پیچھا کیا، اسی دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ زخمی ڈاکو کی شناخت زاہد کے نام سے ہوئی جو ڈکیتی، چوری اور دیگر سنگین جرائم کے 50 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلا۔ایس پی کینٹ کے مطابق زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے، جبکہ مفرور ڈاکو کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔