آبادی میں اضافہ سے خوراک، علاج، رہائش، صحت اور تعلیم کا حصول مشکل تر ہو رہا ہے،محکمہ بہبود آبادی آزاد کشمیر

جمعہ 11 جولائی 2025 21:45

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) محکمہ بہبود آبادی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام عالمی یوم آبادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ مظفرآباد میں پاپولیشن آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں افسران و سٹاف نے شرکت کی۔پاپولیشن آگاہی واک کا مقصد عوام میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل پر بروقت قابو پانا ہے۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر مظفرآباد نے کہا کہ اس وقت اگر آبادی میں اضافہ کی یہ شرح برقرار رہتی ہے تو دنیا کی آبادی بہت جلد آٹھ ارب کی لکیر تک پہنچنے والی ہے۔ آبادی میں اضافہ وسائل پر بوجھ کا باعث بنتا ہے جیسا کہ عالمی ماہرین نے کہاکہ دنیا کی آبادی اس تیزی سے بڑھ رہی جس تیزی سے وسائل مہیا نہیں ہو رہے۔ دنیا بھر کے بے شمار مسائل آبادی میں اضافہ سے جڑے ہوئے ہیں ان میں خوراک کی فراہمی، علاج، رہائش، تعلیم اور دیگر بنیادی اشیاء جو بنی نوع انسان کے لیے ضروری ہیں۔

(جاری ہے)

آبادی میں اضافے کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے آبادی کا عالمی دن ہر سال 11 جولائی کو منایا جاتا ہے۔ دنیا میں آبادی بہت تیزی سے بڑھی ہے۔ 1800ء تک انسانی آبادی کو ایک ارب ہونے میں ہزاروں برس لگے۔ دنیا کی آبادی جلد 8 ارب ہونے والی ہے۔ آبادی میں تیز رفتار اضافہ سے خوراک، علاج، رہائش، صحت اور تعلیم کا حصول مشکل تر ہو رہا ہے۔

آبادی کا عالمی دن منانے کا مقصد آبادی کے بڑھنے سے پیدا ہونے والے مسائل اور حل کو اجاگر کرنا ہے۔ اس میں خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت بتانا، خواتین اور مردوں میں برابری کے اصول کو فروغ دینا، غریب کے مسئلے پر تیزی سے بڑھتی آبادی کے تناظر میں غور و فکر کرنا اور زچہ بچہ کی صحت کا خیال رکھنا اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا شامل ہیں۔