ویمن یونیورسٹی صوابی میں سوشل سائنسز پر تیسری بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

جمعہ 11 جولائی 2025 21:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ویمن یونیورسٹی صوابی میں تیسری بین الاقوامی کانفرنس برائے سوشل سائنسز کامیابی سے منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے نامور ماہرین تعلیم، محققین اور طالبات نے شرکت کی۔ یہ تین روزہ کانفرنس گلوبل انسٹیٹیوٹ آف سوشل سائنسز ریسرچ ، سسٹیننگ دی ہیومینٹی، ڈسٹرکٹ یوتھ آفس صوابی اور ضلعی انتظامیہ صوابی کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔

کانفرنس جو ایک بھرپور علمی تبادلہ خیال کا پلیٹ فارم ثابت ہوئی میں 80 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔ ان مقالوں میں ذہنی صحت، تعلیمی دباؤ، جذباتی ذہانت، صنفی مساوات اور سماجی لچک جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی، جو اساتذہ اور طلبہ کی علمی مہارت اور تنقیدی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

نامور ماہرین تعلیم ڈاکٹر احمد علی، ڈاکٹر حسین، ڈاکٹر ثناء اللہ، ڈاکٹر ساجد ، ڈاکٹر محمد اسحاق اور ڈاکٹر سمیر احمد نے موجودہ سماجی چیلنجز اور جامع اور متوازن معاشروں کی تشکیل میں سوشل سائنسز کے کردار پر اظہار خیال کیا۔

وائس چانسلر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر تمام منتظمین بالخصوص فائزہ (یوتھ افیئرز) اور عبدالعزیز (ڈسٹرکٹ یوتھ ڈیپارٹمنٹ) کی بھرپور معاونت اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف سائیکالوجی کی بہترین انتظامی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی، ڈاکٹر غزالہ نے ضلعی انتظامیہ صوابی اور یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ کانفرنس ویمن یونیورسٹی صوابی کی علمی ترقی کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔

انہوں نے پائیدار سماجی ترقی اور طویل المدتی علمی شراکت کے لیے تحقیق پر مبنی حلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ کانفرنس کے اختتام پر ممتاز مقررین، مقالہ نگاروں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :