فیصل آبادبورڈ کا کلاس نہم کے امتحانی نتائج کا اعلان ، کامیابی کا تناسب 51.55 فیصد رہا

بدھ 20 اگست 2025 12:16

فیصل آبادبورڈ کا  کلاس نہم کے امتحانی نتائج کا اعلان ، کامیابی کا تناسب ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈفیصل آباد نے کلاس نہم (میٹرک پارٹ ون)کے سالانہ امتحان 2025کے نتائج کا اعلان کردیاجس میں کل 205182امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 105769پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 51.55فیصد رہا۔ نتائج کی تقریب کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد مریم خان کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے صبح چیئرپرسن بورڈ نے لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کررزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائٹ www.bisefsd.edu.pk پربھی اپ لوڈ ہو گیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان کلاس نہم (میٹرک پارٹ اول) سالانہ 2025 میں حصہ لینے والے فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلبہ کےلئے الگ الگ 559امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ طلبہ کوپیپر دینے کےلئے دور دراز علاقوں کے سنٹرز میں نہ جانا پڑے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آبادمریم خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت نتائج انتہائی احتیاط، محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے ۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج شفاف اورہر قسم کی غلطیوں سے مبرا ہیں تاہم طلبہ کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے لہٰذاایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق غیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے طلبہ جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبرز0412517710 یا 0419330366پر رابطہ کر سکتا ہے۔