وسطی کرم میں پک اپ کھائی میں جاگری، 7 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی

جمعہ 11 جولائی 2025 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وسطی کرم کے علاقہ گندال سے صدہ جانے والی مسافر ڈاٹسن گہری کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو صدہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق وسطی کرم کے علاقہ گندال سے صدہ جانے والی مسافر گاڑی الٹ کر سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

دور دراز پہاڑی علاقے سے لوگوں نے زخمیوں کو کندھوں پر اٹھاکر بڑی مشکل سے سڑک تک پہنچایا جس کے بعد انہیں صدہ ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا میں ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، گزشتہ روز بونیر میں تیز رفتار کار بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق پانچوں افراد کا تعلق ملکہ مٹا تلے سے تھا۔گزشتہ روز ہی ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل پہاڑپور میں چشمہ روڈ پر ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔