yزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے تعلیمی انقلاب کے وژن اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایت پر پنجاب سکول مینیجمنٹ پالیسی 2024 کے تحت ضلع اٹک میں مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں

جمعہ 11 جولائی 2025 21:45

ذ حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے تعلیمی انقلاب کے وژن اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایت پر پنجاب سکول مینیجمنٹ پالیسی 2024 کے تحت ضلع اٹک میں مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہی احکامات کی روشنی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ضلع اٹک ڈاکٹر محمد اظہر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ونگ الطاف حسین کی زیر نگرانی تحصیل حسن ابدال میں سرکاری سکولز کے ہیڈ ماسٹرز اور آئی ٹی اساتذہ کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ تربیتی ورکشاپ گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول حسن ابدال میں منعقد ہوئی، جہاں ماسٹر ٹرینر جناب امجد محمود (پرنسپل، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول حسن ابدال) نے شرکائ کو سکول مینیجمنٹ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر مفصل تربیت فراہم کی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں تحصیل حسن ابدال کے تمام گرلز و بوائز سرکاری سکولوں کے پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز اور آئی ٹی ٹیچرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر تربیتی سیشن میں بتایا گیا کہ پنجاب سکول مینیجمنٹ پالیسی 2024 کے تحت سکولوں کی عمارات اور تعلیمی معیار کو کس طرح بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ داخلہ مہم کو مزید موثر بنانے کے طریقے بھی زیر بحث آئے تاکہ ہر بچہ تعلیم کے حق سے مستفید ہو سکے۔ آخر میں ماسٹر ٹرینر امجد محمود نے بہترین انتظامات پر سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ورکشاپ کو کامیاب بنانے پر تمام شرکائ کی بھرپور شرکت کو سراہا۔