ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یداللہ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:02

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یداللہ کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں اسپتال کی ایڈمنسٹریشن اور ریسکیو 1122 ٹیم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں اسپتال کے عملے کو "بلو کوڈ" کے مؤثر نفاذ اور ہنگامی طبی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بیسک لائف سپورٹ ٹریننگ فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ تربیت ریسکیو 1122 کی نگرانی اور اشتراک سے کی جائے گی۔بی ایل ایس ایک بنیادی مگر نہایت اہم تربیتی پروگرام ہے جو کسی بھی ہنگامی حالت جیسے دل کی دھڑکن بند ہونے یا سانس رکنے میں فوری ردعمل، CPR (کارڈیو پلمونری ریسسٹیٹیشن) اور AED (آٹومیٹڈ ایکسٹرنل ڈیفبریلیٹر) کے درست استعمال کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس تربیت سے طبی عملہ ابتدائی قیمتی لمحات میں مریض کو مؤثر طبی امداد فراہم کر سکے گا، جو اکثر زندگی بچانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔

ڈاکٹر ید اللہ نے ریسکیو 1122 کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی سلسلہ ساہیوال ٹیچنگ اسپتال کی خدمات کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبد اللہ نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 ہمیشہ ہسپتالوں اور اداروں کو ہنگامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فنی تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ \378

متعلقہ عنوان :