اللہ کا شکر، 1500ویں جشن عید میلا د النبیﷺ منانے کی سعادت ملی۔ گورنرسندھ

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:07

اللہ کا شکر، 1500ویں جشن عید میلا د النبیﷺ منانے کی سعادت ملی۔ گورنرسندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں 1500 ویں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پرنور محافل منانے کی سعادت حاصل ہوئی، اللہ تعالیٰ ہمیں صحابہ کرام کی طرح نبی کریم ﷺ سے سچی محبت کی توفیق عطا فرمائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں 1500 ویں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پرنور محفل کے شرکاء سے بذریعہ وڈیولنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار، اراکین اسمبلی سمیت متعدد شخصیات شریک تھیں۔ زوہیب اشرفی، آفاق بشیر، زبیر اسحاق، فیصل حسن نقشبندی و دیگر نعت خواں نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ مفتی محمد اکمل کا سیرتِ طیبہ ﷺپر جامع اور مؤثر بیان دیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کی جانب سے بذریعہ قرعہ اندازی محمد شہزاد اور کرن رفیق کو عمرہ کے ٹکٹ دیئے گئے۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ قرآن کو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ سمجھ کر پڑھنا اور عمل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، دلوں سے کدورتیں ختم کریں، محبت و اخلاص کے ساتھ سب سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جنت کے حصول کے لیے اللہ کے احکامات اور نبی کریم ﷺ کی سنتوں پر عمل ضروری ہے، اپنے پیارے نبی ﷺ کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا عقیدہ اپنائیں۔