شہر قائد میں مبینہ پولیس مقابلو ں کے دوران تین زخمیوں سمیت چار ڈکیت گرفتار

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) شہر قائد میں ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس اورڈکیتوں کے درمیان دو مختلف مقامات پر مبینہ پولیس مقابلو ں کے دوران تین زخمیوں سمیت چار ڈکیتوں کو گرفتار کرکے اسلحہ ، موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کرلیے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق تھانہ مومن آباد کے علاقے الفتح قبرستان کے قریب پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعددوزخمی ملزمان عمیر خان اور سعید خان کو گرفتار کرکے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن، نقدی، ایک موٹر سائیکل اور 6موبائل فونز برآمدکرلیے جبکہ ملزمان کے 2 فرار ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ سرجانی کے علاقے حسن بروہی گوٹھ کے قریب پیش آیا ،جہاں پولیس اور مسلح ڈاکوئوں کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں2ملزمان جان شیر عرف راجا (زخمی)اور اویس کو گرفتار کرکے اسلحہ بمعہ ایمونیشن،موبائل فونز اورموٹرسائیکل برآمدکرلی گئی۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدما ت درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیاہے۔