خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 19 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں خفیہ معلومات پر 9 اور 10 ستمبر کی رات کارروائیاں کیں؛ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 ستمبر 2025 10:56

خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقوں مہمند، بنوں اور شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 19 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں خفیہ معلومات پر 9 اور 10 ستمبر کی رات کارروائیاں کی گئیں جن میں 19 خوارجی مارے گئے، اس سلسلے میں ضلع مہمند کے علاقہ گولونو میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا گیا جہاں خوارجیوں کے ٹھکانے پر سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 14 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دوسرا آپریشن ضلع شمالی وزیر ستان کے عمومی علاقہ دتہ خیل میں کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے، اس کے علاوہ ضلع بنوں میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک خارجی دہشت گرد مارا گیا، بھارتی سرپرستی میں سرگرم ان خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

افواج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ یہ خوارج علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، کسی بھی دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے کیوں کہ سکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخواہ میں کامیاب کارروائیوں پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، پاک فوج کے افسران و اہلکار فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، دفاعِ وطن کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اسی طرح وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخواہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے، عوام کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔