آر پی او نے تھانہ نیو ٹاؤن میں پولیس اور صحافیوں کے درمیان پیش آئے ناخوشگوار واقعہ کا نوٹس لے لیا

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) تھانہ نیو ٹاؤن میں پولیس اور صحافیوں کے درمیان پیش آئے ناخوشگوار واقعہ پر ریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز الپا نے نوٹس لے لیا۔ واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی آر آئی بی کو انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ آر پی او نے ہدایت کی ہے کہ دونوں افسران واقعہ کی حقائق اور میرٹ پر مبنی مکمل انکوائری کر کے رپورٹ پیش کریں۔

(جاری ہے)

انکوائری کی تکمیل تک ایس ایچ او تھانہ نیو ٹاؤن کو کام سے روک دیا گیا ہے جبکہ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کے حکم پر واقعہ کے وقت ڈیوٹی پر مامور محرر اور سنتری کو کلوز لائن کر دیا گیا۔ اس حوالے سے سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ واقعہ کی شفاف انکوائری سے تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ راولپنڈی پولیس اور صحافی برادری کے درمیان ہمیشہ سے مثالی تعلقات قائم رہے ہیں اور پولیس صحافیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ میڈیا سے وابستہ افراد کے ساتھ تعاون جاری رہے گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔