میڈ کیئر مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے انفارمیشن گروپ افسران کے اعزاز میں پاسنگ آؤٹ تقریب

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) انفارمیشن سروس اکیڈمی اسلام آباد میں میڈ کیئر مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے انفارمیشن گروپ افسران کے اعزاز میں پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کی مہمانِ خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی عمرانہ وزیر تھیں، جنہوں نے افسران کی محنت، لگن اور قومی خدمات کے جذبے کو سراہا۔

عمرانہ وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن گروپ کے افسران ریاست کی آواز ہوتے ہیں، اور ان پر قومی بیانیے کے مؤثر فروغ کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو نہ صرف مبارکباد دی بلکہ انہیں مستقبل میں قومی مفادات کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کی تلقین بھی کی۔ افسران نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) میں 10 ہفتے جبکہ انفارمیشن سروس اکیڈمی میں 4 ہفتوں کی جامع تربیت حاصل کی۔

(جاری ہے)

کورس میں میڈیا مینجمنٹ، پبلک ریلیشنز، اور ریاستی معلوماتی ڈھانچے کی افادیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ محمد افضل کولاچی، امداد علی، شازم اختر، صبا یاسر، عتیق الرحمان، حسین احمد وزیر، اور حماد الرحمان قیصر کامیاب تربیت مکمل کرنے والے افسران میں شامل تھے۔ تمام افسران کو کورس کی کامیاب تکمیل پر سرٹیفکیٹس اور شیلڈز سے نوازا گیا۔یہ تقریب انفارمیشن گروپ کی پیشہ ورانہ تربیت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کی سمت ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے، جو مستقبل میں قومی بیانیے کے تحفظ اور مؤثر ابلاغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔