لاہور میں ڈولفن اسکواڈ کی کارروائی، موٹرسائیکل چور فوٹیج کی مدد سے گرفتار

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) لاہور میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے خلاف ڈولفن اسکواڈ کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حالیہ کارروائی میں ڈیفنس ڈولفن اسکواڈ نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے پیشہ ور موٹر سائیکل چور کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ڈولفن اسکواڈ کے مطابق ملزم نے ایک روز قبل شہری کی موٹر سائیکل چوری کی تھی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کی گئی۔

(جاری ہے)

فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم موٹر سائیکل چرا کر موقع سے فرار ہو رہا ہے۔پولیس نے ملزم سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم گھروں کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو نشانہ بناتا تھا اور پیشہ ورانہ طریقے سے وارداتیں کرتا رہا ہے۔گرفتار ملزم ماجو کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ڈیفنس بی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دیگر وارداتوں میں ملوث ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔