صوبائی وزیر تعلیم کی زیر صدارت پیکٹا کا اجلاس ،پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات بحال کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تعلیمی نظام میں بہتری اور اصلاحات کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کا سلسلہ دوبارہ بحال کیا جائے گا، جن کا انعقاد پیکٹا کے تحت کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے ہدایت دی کہ اگلے 30 دنوں میں اس ضمن میں مکمل لائحہ عمل تیار کیا جائے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ پانچویں سے ساتویں جماعت تک انٹرنل اسسمنٹ سسٹم کو موثر بنایا جائے گا اور ان جماعتوں کے امتحانات کو بطور اسسمنٹ ٹیسٹ لیا جائے گا تاکہ اساتذہ اور طلبا کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ایک ماہ میں اسسمنٹ ٹیسٹ کے طریقہ کار کی تیاری کی ہدایت بھی جاری کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اسسمنٹ سسٹم میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ اساتذہ، طلبا اور والدین کو مکمل اعتماد حاصل ہو۔مزید برآں میٹرک ٹیک کے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نہم اور گیارہویں جماعت کی کتب کو ویڈیو فارمیٹ میں ڈھالنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس مقصد کیلئے آن لائن ٹیک ایجوکیشن کی اکیڈمک کمیٹی ویڈیوز کی کوالٹی پر کام کرے گی۔

میٹرک ٹیک کے اساتذہ کی تربیت کیلئے ٹرینرز کا انتخاب ان کی سابقہ کارکردگی اور نتائج کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔رانا سکندر حیات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگلے تعلیمی سال کیلئے درسی کتب کی بروقت طباعت اور ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کا آغاز کیا جائے، آئندہ تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔