فیصل آباد‘ لڑکی کو پولیس لائنز لانیوالے اہلکار کے بیٹے کی ویڈیو وائرل، باپ معطل

لڑکی کی پولیس لائنز میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو جانے پر سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا

اتوار 13 جولائی 2025 12:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)فیصل آباد میں پولیس اہلکار کا بیٹا اپنی کلاس فیلو لڑکی کو پولیس لائنز میں لے آیا جس کے بعد دیگر پولیس اہلکاروں نے لڑکی اور لڑکے کی ویڈیو بنا کر وائرل کر دی۔

(جاری ہے)

منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ چند پولیس اہلکار پولیس لائنز میں ایک لڑکے اور لڑکی کی ویڈیو بناتے ہیں جس میں پولیس اہلکار لڑکے ساتھ موجود لڑکی کو نقاب ہٹانے او ر اپنا تعارف کروانے پر بھی مجبور کرتا ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو جانے پر سی پی او فیصل آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا۔بعدازاں کلاس فیلو لڑکی کو پولیس لائنز میں لانے والے نوجوان کے والد اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اشرف کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا جبکہ پولیس لائنز میں اسے ملنے والے کوارٹر کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دی گئی۔