کمشنر کا میانوالی، عیسیٰ خیل میں کچہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، ریلیف اقدامات کا جائزہ

اتوار 13 جولائی 2025 12:50

سرگودھا -13 جولائی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد جاوید گورائیہ کے ہمراہ تحصیل عیسیٰ خیل اور میانوالی کے کچہ کے سیلاب سے متاثرہ نشیبی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے کچہ تری خیل، سی پیک سے ملحقہ علاقے کچہ کمرمشانی اور موضع چھینہ پوڑا میں مقامی افراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

دورےکےدوران کمشنر نے تری خیل شیخانولہ فلڈ ریلیف کیمپ اور نورنگا بوائز ہائی سکول میانوالی میں قائم ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ انہار کے افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں چند نشیبی علاقے زیر آب آئے ہیں، تاہم مین آبادی محفوظ ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کے لیے چوبیس گھنٹے علاقے میں موجود ہیں۔

کمشنر جہانزیب اعوان نے موقع پر موجود افسران کو کچہ تری خیل کے حفاظتی بند کو فوری مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نےچیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کو ہدایت کی کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں ویکسین سمیت تمام ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں کمشنر سرگودھا نے جناح بیراج کا دورہ کیا اور دریا کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اسکواڈا کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ساریہ حیدر خان، اسسٹنٹ کمشنر میانوالی سلمان قیوم شیخ، اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خیل غلام مرتضیٰ، ایس ای ایریگیشن یاسر منیر، ایکسئین جناح بیراج احمد رفیق اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر مطیع السلام بھی موجود تھے۔