ڈپٹی کمشنر کا ممبر ان قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ تحصیل پتوکی میں ٹی ایچ کیو ہسپتال، ٹراما سنٹر اور گورنمنٹ گریجوایٹ کالج پتوکی کا دورہ

اتوار 13 جولائی 2025 16:10

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عمران علی نے ممبر قومی اسمبلی رانا محمدحیات خاں اور ممبر صوبائی اسمبلی محمودانور کے ہمراہ گذشتہ روز تحصیل پتوکی میں ٹی ایچ کیو ہسپتال، ٹراما سنٹر اور گورنمنٹ گریجوایٹ کالج پتوکی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پتوکی، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی اور ڈپٹی دائریکٹر ڈویلپمنٹ سعد بن شبیر سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

تحصیل ہیڈکوارٹرمیں ڈاکٹر زو پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ، میڈیسن کی دستیابی و ریکارڈ، مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی کے دورہ کے دوران ممبر صوبائی اسمبلی اور ڈی سی نے ہسپتال سے ملحقہ زیرتعمیر ٹراما سنٹر کی نئی بلڈنگ کا جائزہ ، تعمیراتی میٹریل کے معیاراور کوالٹی کو چیک کیا۔

(جاری ہے)

ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی نے زیرتعمیر بلڈنگ سے متعلق بریفنگ دی۔ ہسپتال میں آنیوالے مریضوں اور انکے لواحقین سے بھی طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران علی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام الناس کو بہترین ، بروقت اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔

ڈی سی نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں ، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیلز میں مریضوں کا چیک اپ کرنے کے لیے ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل سٹاف و دیگر عملہ اپنی حاضری سو فیصد یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی حاضری کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔ایمرجنسی وارڈ میں عملے کی مکمل دستیابی اور فوری رسپانس کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔

ہسپتال کے تمام واش رومز اور وارڈز میں صفائی کے خاص انتظامات کیے جائیں۔مریضوں اور ان کے لواحقین کی شکایات پر فوری ایکشن کا نظام فعال کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے اس شعبے میں بہتری کے لیے ایسے اچانک دورے جاری رہیں گے۔ انہوں نے عملے کو تنبیہ کی کہ فرائض میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں، غفلت اور لاپرواہی کی صورت میں سخت کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

ممبر قومی اسمبلی رانا محمد حیات خاں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ضلع میں جاری میگا پراجیکٹس کی مقررہ وقت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مفاد عامہ کیلئے شروع کی گئی سکیموں کی تکمیل اولین ترجیح ہے۔ علاقائی منصوبے عوام کی خدمت اور انکی مشکلات دور کرنے کیلئے انتہائی اہم ہیں۔

متعلقہ ادارے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے تعمیراتی کام کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں۔ ترقیاتی سکیموں میں بہترین کوالٹی کا میٹریل استعمال کیا جائے اور جلد از جلد زیر تعمیر ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ علاوہ ازیں ڈی سی عمران علی نے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی کے دفتر میں پلس پراجیکٹ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔

ڈپٹی کمشنر نے پلس پراجیکٹ کی ابتک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس میں پلس پراجیکٹ کے تحت ڈیجیٹائزیشن، رجسٹریشن حق داران زمین، تقسیم ونڈا جات، مشترکہ کھیوٹ کی تقسیم سمیت دیگر اقدامات اور ٹارگٹ کا جائزہ لیا گیا۔ریونیو افسران کی ابتک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو پلس پراجیکٹ کی تکمیل کے حوالے سے آئندہ مقررہ ٹارگٹ کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

گورنمنٹ گریجوایٹ کالج پتوکی کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے درس و تدریس کے عمل، طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کالج میں تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی حاضری، کلاس رومز کی حالت اور تعلیمی ماحول کا بھی مشاہدہ کیا۔ انہوں نے طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات، مثلاً پینے کے صاف پانی، ٹوائلٹس، بیٹھنے کی جگہ اور صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم مزید بہتری کے لیے بعض ضروری ہدایات بھی دیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبات کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عمران علی نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت محلہ رضا آباد اور شادمان کالونی پتوکی کا بھی دورہ کیا۔ جہاں پر صفائی ستھرائی،تجاوزات، نکاسی آب، میونسپل ودیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیم کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے اور گلی محلوں کے تمام حصوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی جگہ گندے پانی کے ٹھہراؤ کی اجازت نہ دی جائے اور نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل فعال رکھے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر عمران علی نے متعلقہ اداروں کو خصوصی تاکید کی کہ صفائی اور دیگر سہولیات کی بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔