صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری

اتوار 13 جولائی 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف 55ہزار سے زائد مقدمات درج کر کے 37ہزار 756ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

بجلی چوری کے 34ہزار 641 مقدمات کے چالان مکمل کرکے جمع کروائے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 2ہزار سے زائد ملزمان کو سزائیں اور جرمانے کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی چوری کے 14ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے اور 17ہزار 923بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف ترجیحی کاروائیاں کی جائیں۔