صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب جان نوشیروانی کی زیرصدارت آل پارٹیز کانفرنس کاانعقاد

اتوار 13 جولائی 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب جان نوشیروانی کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس خاران میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو، ضلع کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، انجمن تاجران اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔کانفرنس کا بنیادی مقصد ضلع خاران کو درپیش مجموعی مسائل، امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی امور پر مشاورت کرنا تھی۔

اس موقع پر تمام شرکاء نے کھل کر اپنی آراء کا اظہار کیا اور عوامی مسائل کو اجاگر کیا۔صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ضلع خاران کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد دیکھنا میرا خواب نہیں بلکہ میرا وژن ہے، ہمیں باہمی مشاورت، رواداری اور ہم آہنگی کے جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل یقینی بنایا جا سکے،انہوں نے تمام سیاسی نمائندوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اختلافات کے بجائے اشتراکِ عمل کو فروغ دیا جائے تاکہ مسائل کا دیرپا اور مؤثر حل نکالاجائے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے ضلع خاران کی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :