عدالت نے قصور بارڈر پر زمینوں کی الاٹمنٹ کیخلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی

پیر 14 جولائی 2025 15:07

عدالت نے قصور بارڈر پر زمینوں کی الاٹمنٹ کیخلاف درخواست واپس لینے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے قصور بارڈر پر شہدا کو زمین الاٹ کرنے کے خلاف دائر درخواست واپس لینے کی بنا پر نمٹا دی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار سابق ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر سلیم شہزاد چیمہ نے موقف اختیار کیا کہ ان کی 61 کنال اراضی شہدا کے نام الاٹ کر دی گئی ہے جبکہ بارڈر ایریا کمیٹی کے پاس زمین الاٹ کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ شہدا کو کی گئی الاٹمنٹ منسوخ کی جائے۔ڈی پی او قصور عیسی سکھیرا عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ مدعاعلیہ کے وکیل آصف چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار خود علاقے کے نمبر دار ہیں اور انہوں نے سات مرلہ کا پلاٹ اپنے لئے الاٹ کروایا تھا۔ مذکورہ اراضی 2021 میں خریدی گئی اور درخواست گزار محض عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ متعلقہ فورم سے رجوع کیے بغیر براہ راست عدالت عالیہ سے رجوع کیا۔عدالت نے درخواست گزار کو درخواست واپس لینے کی اجازت دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔