سرگودھا،محرم الحرام کے دوران قیام امن پر ممبران امن کمیٹی کو شیلڈز اور پولیس اہلکاروں میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم

پیر 14 جولائی 2025 17:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) محرم الحرام کے دوران سرگودھا میں مثالی قیام امن کے لیے بہترین انتظامی اور سکیورٹی اقدامات پراتحاد علماکونسل کے ممبران امن کمیٹی اور دیگر ممبران امن کمیٹی کو شیلڈز اور ضلع بھر کے ایس ڈی پیز اوز،ایس ایچ اوز اور دیگر افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے گے۔منعقدہ تقریب میں ڈی پی او محمد صہیب اشرف نے ممبران امن کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے قاری احمد علی ندیم، قاری وقار احمد عثمانی،حافظ میاں عبدالغفار آزاد، امیر افضل اعوان، علامہ عبداللہ سعید ہاشمی،مولانا محمدعمر فاروقی،علی جعفر نقوی اور دیگر ارکان امن کمیٹی میں شیلڈز تقسیم کیں جبکہ تمام ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز سمیت افسران کو بہترین انتظامی و سکیورٹی اقدامات پر تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مثالی امن وامان کے قیام کے لئے ممبران امن کمیٹی، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو، بلدیاتی اداروں، میڈیا اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے مابین مربوط رابطہ کاری اور بھرپور تعاون رہا اور تمام مجالس اورجلوس پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے ہر اول دستے کا کردار ادا کر کے ثابت کیا کہ ہم امن کے داعی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ممبران امن کمیٹی کافعال کردار قابل ستائش ہے،جنہوں نے سرگودھا ضلع میں شاندار مثالی ہم آہنگی قائم کی ہے،ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور دیگر ادارے متحرک رہے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات میسر رہیں، محرم الحرام کے انتظامات میں سرگرم فوکل پرسن ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز فضل قادر نے کہا کہ علماکرام نے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے سرگودہا میں بھائی چارے اور باہمی اتحاد کی جو فضا قائم کی وہ مثالی ہے۔