شام :دروز قبیلے کے افراد اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم ،13افراد ہلاک

پیر 14 جولائی 2025 22:04

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء)شام کے جنوبی شہر سویدا میں دروز قبیلے کے افراد اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ علاقہ دروز قبیلے کی اکثریتی آبادی کا حامل علاقہ ہے۔شام میں جنگی صورتحال کو مانیٹر کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ علاقے میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو بھیج دیا گیا ہے۔

یہ واقعہ دروز قبیلے اور جنگجوؤں کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا تصادم کا واقعہ ہے جب سے دونوں کے درمیان تصادم کا آغاز ہوا ہے۔ یہ تصادم کئی ماہ سے چل رہا ہے۔ علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے متعدد افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔انسانی حقوق کے نام پر قائم شامی آبزرویٹری کے مطابق ہلاک ہونے والے 13 افراد میں سے 10 کا تعلق دروز قبیلے سے ہے۔

(جاری ہے)

دو کا تعلق بدو قبیلے سے ہے اور ایک مارے جانے والے شخص کی شناخت ہونا باقی ہے۔

جبکہ مجموعی طور پر 40 افراد زخمی ہیں۔مقامی ٹی وی چینل 'سویدا نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں کہا ہے کہ 10 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔چینل کے مطابق سویدا اور دمشق کے درمیان ہائی وے ان تشدد کے واقعات کی وجہ سے بند ہے۔شامی حکومت سے متعلقہ ایک ذریعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ حکام امن و امان کے لیے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو بھیج رہے ہیں۔سویدا کے گورنر نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور قومی سطح پر ہونے والے اصلاحاتی عمل میں تعاون کریں۔