آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم

پیر 14 جولائی 2025 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم ہیں۔ آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 33 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جاری کر دی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی کانسٹیبل مرید حسین کو طبی اخراجات کیلئے 15 لاکھ روپے فنڈز جاری کر دئیے جبکہ زخمی کانسٹیبل غلام مصطفیٰ کو طبی اخراجات کیلئے 03 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی کانسٹیبل محمد رمضان کو میڈیکل اخراجات کیلئے اڑھائی لاکھ جبکہ زخمی کانسٹیبل محمد امین کو علاج معالجے کیلئے اڑھائی لاکھ روپے فنڈز جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ زخمی کانسٹیبل جمیل الرحمٰن کو طبی اخراجات کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جبکہ زخمی ہیڈ کانسٹیبل محمد سرور کو علاج معالجے کی مد میں 02 لاکھ روپے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

اسی طرح زخمی کانسٹیبلز محمد طارق، طاہر محمود کو طبی اخراجات کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس، زخمی کانسٹیبلز عاطف محمود، محمد شہباز کو علاج معالجے کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس جبکہ زخمی کانسٹیبلز وقاص حیدر، عمر صغیر کو طبی اخراجات کیلئے 50 ہزار روپے فی کس دئیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر عمران ارشد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجراء کی منظوری دی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس غازیوں کا بہترین علاج معالجہ، جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے اور غازی اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔