اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے ملک ریاض و دیگر ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری

پیر 14 جولائی 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)احتساب عدالت کراچی نے بحریہ ٹائون کے مالک ملک ریاض، بیٹے علی ریاض اور داماد زین ملک سمیت دیگر ملزمان کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کے معاملے میں اہم اقدام اٹھا لیا۔عدالت نے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 جولائی تک عدالت میں پیش ہو کر اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ نیب کے خصوصی پبلک پراسیکیوٹر نے ڈی جی نیب کراچی کی جانب سے جاری کردہ جائیداد ضبط کرنے کے حکم نامے کی توثیق کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔نیب حکام کے مطابق ملک ریاض اور دیگر ملزمان کے خلاف بحریہ ٹائون کراچی کیلئے سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزامات پر ریفرنس زیر سماعت ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزمان کے بار بار نوٹسز کے باوجود پیش نہ ہونے پر سخت موقف اختیار کیا ہے اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔

نیب نے کہا ہے کہ ملک ریاض اور ساتھیوں نے کراچی، راولپنڈی، اور دیگر مقامات پر سرکاری و نجی اراضی پر ناجائز قبضہ کر کے بغیر اجازت ہائوسنگ سوسائٹیز قائم کیں اور عوام سے اربوں روپے اکٹھے کئے۔ احتساب عدالت نے ملزمان کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنا موقف پیش کریں، بصورت دیگر جائیداد ضبط کرنے کے عمل کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ کیس کی اگلی سماعت (آج) 15 جولائی کو متوقع ہے جس میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔