Live Updates

ٓ مون سون بارشوں کے دوران بہتر اور بروقت اقدامات کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیاگیا

پیر 14 جولائی 2025 20:40

ُپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان کی خصوصی ہدایات پر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا گیا ہے اور مون سون کی پشاور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں 13 جولائی 2025 کو ہونے والی شدید بارشوں کے بعد محکمہ بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا کے تحت اداروں نے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں۔

پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (PDA) کی رپورٹ کے مطابق تقریباً چار بجے شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث حیات آباد کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا تھا تاہم کسی بھی نالے میں بندش یا رکاوٹ رپورٹ نہیں ہوئی۔ تمام پانی بارش رکنے کے بعد 2 سے 3 گھنٹوں کے اندر نکال دیا گیا۔

(جاری ہے)

پانی جمع ہونے والے مقامات میں باغ ناران چوک، پی ایس او پمپ فیز 3، فیز 4 انڈر پاس، آرامکو پمپ فیز 5، تتارہ پارک چوک، زرغونی مسجد کے قریب اور فیز 1 سیکٹر D-1 کی کچھ سڑکیں شامل تھیں۔

ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMA) لنڈی کوتل کی رپورٹ کے مطابق تحصیل لنڈی کوتل میں بھی حالات معمول پر رہے۔واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور (WSSP) نے مون سون میں ایک جامع منصوبہ بندی اور ہنگامی ردعمل کی مہم کا آغاز کیا، جس میں نکاسی آب، صفائی، ٹھوس کچرے کی منتقلی، اور عوامی آگاہی شامل رہی۔ شہر بھر میں ڈی واٹرنگ پمپس، جٹنگ و سکشن مشینیں، کھدائی کی مشینری اور دیگر ضروری آلات بروقت پہنچائے گئے۔

تمام زونز میں نچلے اور بارش سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کے بعد نالوں کی صفائی اور ٹھوس کچرے کی منتقلی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا گیا، جس کے نتیجے میں کسی بڑے نقصان یا ہنگامی صورتحال سے بچاؤ ممکن ہوا۔وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مون سون کے دوران شہریوں کی حفاظت اور سہولت ہماری اولین ترجیح ہے، اور تمام ادارے الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات