ئ*چینی مافیا کے سامنے حکومت نے مکمل طور پر گھٹنے ٹیک دیئے،چوہدری ذوالفقار علی اولکھ

ذ*چینی بحران پیدا کرنے والے مافیا کے خلاف کڑا احتساب کیا جائے، اشفاق ورک

پیر 14 جولائی 2025 21:30

ژ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین چوہدری ذوالفقار علی اولکھ اور صدر اشفاق ورک نے چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور حکومتی نااہلی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی مافیا کے سامنے حکومت نے مکمل طور پر گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ ایک جانب شوگر مافیا نے اربوں روپے کی سبسڈی اور برآمد کی اجازت لے کر مصنوعی قلت پیدا کی، دوسری جانب عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے کے لیے چھوڑ دیا گیا۔

گزشتہ سال ساڑھے سات لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کے باوجود چینی کی قیمتیں قابو میں نہیں آئیں اور اب ساڑھے سات لاکھ ٹن چینی درآمد کے فیصلے سے حکومتی ناکامی کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے کی حد عبور کر چکی ہے، جو ایک سال قبل صرف 145 روپے 88 پیسے تھی۔

(جاری ہے)

یہ اضافہ صرف مارکیٹ کی بدانتظامی نہیں بلکہ مافیاز اور حکومتی ملی بھگت کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب برآمد کے وقت سبسڈی دی گئی، تو آج درآمد پر تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز ختم کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی یہ پالیسی تضاد حکومت کی سنجیدگی اور شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شوگر ملز مالکان کی جانب سے پیداوار، اسٹاک اور لاگت سے متعلق تمام معاملات کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور چینی بحران پیدا کرنے والے مافیا کے خلاف کڑا احتساب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی کسان پہلے ہی زرعی مداخل کی قیمتوں، پانی کی قلت اور غیر منصفانہ پالیسیوں سے پریشان ہیں، اب چینی بحران کے باعث گنا کاشتکار بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو چکا ہے۔ اگر حکومت نے فوری اصلاحات نہ کیں تو زرعی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا

متعلقہ عنوان :