ورچوئل بلڈ بینک کی بروقت کارروائی، سروسز ہسپتال میں زیر علاج نومولود جڑواں بچوں کو خون کی فوری فراہمی

پیر 14 جولائی 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل بلڈ بینک نے ایک اور انسانی خدمت سرانجام دیتے ہوئے سروسزہسپتال میں زیرِ علاج جڑواں نومولود بچوں کو فوری طور پر خون کی فراہمی یقینی بنا دی۔ ڈاکٹرز کے مطابق سیف سٹی کے بروقت ریسپانس کی بدولت بچوں کی جان بچانے میں کلیدی مدد حاصل ہوئی۔ ترجمان کے مطابق ایک شہری نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15پر کال کر کے نومولود بچوں کے لیے فوری خون کی فراہمی کی درخواست کی۔

اطلاع موصول ہوتے ہی ورچوئل بلڈ بینک افسر نے مطلوبہ بلڈ گروپ کے ڈونر کی تلاش سیف سٹی ڈیٹا بیس سے شروع کی اور چند ہی لمحوں میں موزوں ڈونر سے رابطہ کروا دیا۔ ڈونر نے مقررہ وقت پر سروسزہسپتال پہنچ کر خون کا عطیہ دیا، جس سے نومولود بچوں کی جان بچانے میں مدد ملی۔

(جاری ہے)

بچوں کے والدین نے سیف سٹی کے اس انسان دوست مشن کے ذریعے بروقت تعاون و مدد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے خود کو سیف سٹی میں قائم کردہ ورچوئل بلڈ بنک میں بطور رضاکار بلڈ ڈونر رجسٹر کروایا اور عہد کیا کہ بوقت ضرورت وہ بھی مشکل میں پھنسے شہریوں کیلئے مدد کا ذریعہ بنیں گے۔

ترجمان سیف سٹی کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل بلڈ بینک سے یومیہ 250سے 300شہری فوری خون کی ضرورت کے تحت رابطہ کرتے ہیں۔ اب تک 10ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں اور 30ہزار سے زائد شہریوں کو بطور رضاکار ڈونرز اس سسٹم سے منسلک کیا جا چکا ہے۔ یہ جدید بلڈ بینک سسٹم پنجاب بھر میں چوبیس گھنٹے بغیر کسی تعطل کے خدمات فراہم کر رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ خون عطیہ کرنے کے اس مشن میں دل و جان سے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ یہ مخض ایک سروس نہیں بلک قیمتی جانیں بچانے کا کار آمد ذریعہ ہے۔

متعلقہ عنوان :