یونیورسٹی لاء کالج کوئٹہ میں سی ایس ایس اور پی سی ایس کے امتحانات میں کامیاب سابق7 طلبہ کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد

منگل 15 جولائی 2025 11:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) یونیورسٹی لاء کالج، جامعہ بلوچستان کوئٹہ میں حالیہ مقابلے کے امتحانات (سی ایس ایس /پی سی ایس ) میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے سات سابق گریجویٹس کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ان طلبہ میں سدرہ اصغر، عبدالعلی کاکڑ، جہانزیب بلوچ، امتیاز احمد لانگو، عامر اسحاق، عبدالحبیب اچکزئی اور علی عظیم شامل ہیں۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی تھے، جبکہ دیگر مہمانانِ گرامی میں اسپیشل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن عبدالسلام خان اچکزئی، پروفیسر ڈاکٹر سمیع اللہ اچکزئی چیئرمین شعبہ کیمیا، ممتاز قانون دان عبدالمجید خان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ و سابق صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور عبدالقدوس ایڈووکیٹ ہائی کورٹ شامل تھے۔

(جاری ہے)

تقریب خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ بلوچستان ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ نہ صرف ادارے کا فخر ہیں بلکہ نوجوان نسل کے لیے بھی مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے میرٹ، محنت، اور قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے پر زور دیا۔سپیشل سیکریٹری تعلیم بلوچستان حکومت عبدالسلام اچکزئی نے کامیاب طلبہ کی کامیابی کو بلوچستان کا سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی کامیابیاں دیگر طلبہ کے لیے حوصلہ افزا مثالیں قائم کریں گی۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے کامیاب طلبہ میں اسنادات تقسیم کیے۔ پرنسپل لاء کالج، عصمت اللہ کاکڑ نے معزز مہمانوں، فیکلٹی ممبران، سابق گریجویٹس اور اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ آئندہ بھی ایسی تقریبات کے ذریعے طلبہ کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔