کنگسٹن ٹیسٹ،ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی بدترین اننگز، آسٹریلیا کے خلاف 27 رنز پر ڈھیر

منگل 15 جولائی 2025 16:05

کنگسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف کنگسٹن میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں صرف 27 رنز پر ڈھیر ہو گئی جو ٹیسٹ کرکٹ کی 70 سالہ تاریخ میں دوسرا کم ترین سکور ہے۔ یہ عبرتناک کارکردگی 1955 میں نیوزی لینڈ کی جانب سے آکلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف بنائے گئے 26 رنز کے بعد دیکھی گئی جو تاحال ٹیسٹ کرکٹ کا سب سے کم سکور ہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم تیسرے روز محض 27 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ حیران کن طور پر ویسٹ انڈیز کے 7 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جن میں سے 4 کھلاڑی گولڈن ڈک یعنی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل سٹارک نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ وہ نہ صرف اپنے 100ویں ٹیسٹ کو یادگار بنانے میں کامیاب رہے بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی دو مرتبہ 30 رنز پر آل آؤٹ ہو چکی ہے لیکن ویسٹ انڈیز کا یہ سکور اب تاریخ کا دوسرا کم ترین ٹیسٹ سکور بن چکا ہے۔\932