پلاٹس صرف دعوئوں تک محدود رہے، ارشد ندیم کا انعامات سے متعلق انکشاف

ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 92.97 میٹر کی سب سے بڑی تھرو کے ساتھ اولمپکس کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کیا اور پاکستان کو 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل دلایا

منگل 15 جولائی 2025 19:50

پلاٹس صرف دعوئوں تک محدود رہے، ارشد ندیم کا انعامات سے متعلق انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)معروف ایتھلیٹ ارشد ندیم نے انکشاف کیا ہے کہ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد کیے گئے پلاٹس کے تمام وعدے صرف دعوئوں تک محدود رہے، حقیقت میں انہیں صرف نقد انعامات ہی ملے۔گزشتہ سال ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 92.97 میٹر کی سب سے بڑی تھرو کے ساتھ اولمپکس کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کیا اور پاکستان کو 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل دلایا۔

اس شاندار کامیابی کے بعد رواں سال ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں بھی ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر دیا۔ان کی اس بہترین کارکردگی پر کئی سرکاری اور کاروباری شخصیات کی جانب سے انعامات کا اعلان کیا گیا۔سرکاری حکام اور تاجروں نے ارشد ندیم کو کروڑوں روپے، پلاٹس اور دیگر انعامات دینے کا وعدہ کیا۔

(جاری ہے)

حال ہی میں داستان ڈیجیٹل نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ارشد ندیم سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں وہ انعامات ملے جن کا وعدہ کیا گیا تھا ارشد ندیم نے بتایا کہ نقد انعامات تو مل گئے ہیں، لیکن جن پلاٹس کا وعدہ کیا گیا تھا وہ نہیں دیے گئے۔

انہوں نے کہاکہ پلاٹس کے تمام دعوے جعلی ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں تاکہ دوبارہ پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔