ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کا ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ اختتام پذیر، 20 سے زائد کھلاڑی منتخب

منگل 15 جولائی 2025 16:06

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخواہ ریجنل سپورٹس آفس ہزارہ کے زیراہتمام ایبٹ آباد میں نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کیلئے مختلف کھیلوں کے سمر کیمپس کا انعقاد اپنی تمام رونقیں سمیٹتا ہوا اختتام پذیر ہو گیا۔ مہمان خصوصی ریجنل سپورٹس آفیسر سردار احمد زمان نے کیمپ شرکاءبچے اور بچیوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

کیمپ میں فٹبال، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور دیگر گیمز شامل ہیں، بیڈمنٹن بوائز اور گرلز کیمپ میں 20 لڑکے اور لڑکیاں ہیڈ کوچز ندیم خان اور حیات اﷲ خان کی نگرانی میں ٹریننگ لے رہے ہیں اور اور انہیں مختلف سکلز سکھائی جا رہی ہیں تاکہ انہیں بہترین سے بہترین کھلاڑی بنایا جا سکے۔ ندیم خان نے کہا کہ بچیوں نے بھرپور انداز میں ٹریننگ لی اور بہت کچھ سیکھا، اس سلسلہ میں ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان خان نے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں بیڈ منٹن کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں اور کوچز کی کاکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان نے ہیڈ کوچ جمشید خان اور رحمت اﷲ کی نگرانی میں 50 بچے ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں اور انہیں فزیکل فٹنس اور مختلف سکلز سکھائی جا رہی ہیں اور ان کے درمیان میچز کا انعقاد بھی کیا گیا اور نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا تاکہ آنے والے وقت میں ہزارہ ریجن سے بہترین کھلاڑی ابھر کر سامنے آ سکیں تاکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنا اور اپنے علاقہ ملک کا نام روشن کر سکیں۔

کوچ جمشید خان نے احمد زمان خان کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں میں بہت ٹیلنٹ ہے صرف ان پر توجہ کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر احمد زمان نے کہا کہ ان بچوں کے درمیان مختلف ریجنز کے مقابلوں کیلئے ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر سے بات کی جائے گی تاکہ ان بچوں کے حوصلے مزید بڑھ سکیں، ان کا کہنا تھا کہ یہی ہمارا بنیادی اثاثہ ہیں اور آگے چل کر ہمیں ہر کھیل میں نیا ٹیلنٹ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پورٹس تاشفین حیدر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ریجن کی سطح پر کیمپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ صوبہ میں نیا ٹیلنٹ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکے۔