عدالت نے قتل کی 12 وارداتوں میں نامزد ملزم کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی

منگل 15 جولائی 2025 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے قتل کی 12 وارداتوں میں نامزد ملزم محمد اسماعیل کی بازیابی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ کاشف بھٹی پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ مغوی محمد اسماعیل گزشتہ رات خود گھر پہنچ چکا ہے اور اب مزید عدالتی کارروائی نہیں چاہتے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ محمد اسماعیل تمام مقدمات میں ضمانت پر ہے اور 9 جولائی کو سیشن عدالت میں پیشی کے بعد کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ لاہور نے اسے گاڑی سمیت حراست میں لے لیا تھا۔درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ پولیس مقابلے کا بہانہ بنا کر اسے قتل کر سکتی ہے۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی اجازت دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔