جامن کے ترقی پسند باغبانوں کی جانب سے نیشنل جامن فیسٹیول منعقد

منگل 15 جولائی 2025 16:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) تحصیل سمندری فیصل آبادکے چک نمبر 385 کے ترقی پسند باغبان جامن کے ڈیرہ پر نیشنل جامن فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس کی مہمان خصوصی سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی و صدر شعبہ خواتین انجمن کاشتکاران پنجاب بیگم نجمہ افضل، رانا افتخار محمد صدر انجمن کاشتکاران پنجاب، رانا محمد خاں بھٹی سیکرٹری اطلاعات و نشرواشاعت انجمن کاشتکاران پنجاب، ڈاکٹر جاوید چیف سائنٹسٹ شعبہ گندم، چیف سائنٹسٹ شعبہ ہارٹیکلچر ملک محسن عباس، ایوب ایگریکلچرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زرعی سائنسدانوں کے علاوہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر احمد دین،، ہفت روزہ میگزین ویٹرنری نیوز اینڈ ویوز کے بیورو چیف ڈاکٹر خالد محمود شوق، طارق تنویر ایگری ٹورازم کلب، پروفیسر ر ڈاکٹر شہزاد احمد بسرا، ڈاکٹر قمر بخاری، معروف شاعر احمد سعید، معروف گلوکار سردار بلوندر سنگھ، سید زکراللہ حسنی، صدر فیصل آباد یونین آف جرنلسٹ دستور، چوہدری جاوید اقبال، ڈپٹی چیف آرگنائزر انجمن کاشتکاران پنجاب، رانا منیر احمد خاں نائب صدر انجمن کاشتکاران فیصل آباد، ڈپٹی چیف آرگنائزر انجمن کاشتکاران فیصل آباد ڈویژن، میاں مدثر شاہین معروف سماجی شخصیت سینئر جرنلسٹ، معروف صحافی چوھدری قاسم رندھاوا، سید نسیم شاہ، رانا بلال احمد خاں بھٹی، رانا ساحل ناظم زیل دار، رانا زوالفقار علی خاں، رانا شاہ زیب فرخ زیلدار، رانا نعیم اسلم، میاں محمد شریف، حکیم غلام مرتضی منج، سید صداقت شاہ سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف سائنٹسٹ ہارٹیکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ آری فیصل آباد ملک محسن عباس نے میڈیا سٹیک ہولڈرز فیصل آباد گروپ ممبران اورفیمیلیز کے ہمراہ شرکت کرنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ جامن میلہ میں شرکت کیلئے آنے والے معزز مہمانوں کو دوپہر کا لنچ بھی کروایا گیا اور سمندری کے منفرد اور خوش ذائقہ جامن کھانے کیلئے پیش کئے گے۔ فیملی فیسٹیول کے اختتام پر فیملی ممبران میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ کے علاوہ دیگر قیمتی تحائف دئیے گئے۔

راجہ نعیم کیانی نے جامن کے سفر پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مقامی لوگوں کی معاونت سے پاکستان ایگری ٹوارزم کے نقشے پر جامن کی ایک نئی پہچان کروائی ہے۔چک نمبر 385 گ ب اور چک نمبر 386 گ ب خوش رنگ اورخوش ذائقہ جامن پیدا کرنے میں مشہور ہیں۔ جامن کا پھل اور اسکی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کے فروغ سے پاکستان خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا۔

پاکستان کی زرخیز زمینوں میں اگنے والا جامن نہ صرف غذائیت سے بھرپور پھل ہے بلکہ قدرتی ادویاتی خصوصیات، منفرد ذائقہ اور گرمیوں کی سوغات ہونے کے باعث ایک بڑی معاشی، طبی اور زرعی سیاحتی فصل کے طور پر متعارف کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم جامن کو صرف ایک جنگلی یا عام پھل نہ سمجھیں بلکہ اسے دنیا بھر میں پاکستانی برینڈ کے طور پر پیش کریں۔

ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کی جائیں۔ باغبان جامن و دیگر پھلوں کے باغات کو ایگری ٹوارزم کے فروغ کے لئے استعمال کریں۔ فتیانہ سیڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر میاں اویس احمد نے مہمانوں کو بتایا کہ پاکستان کا پہلا تھیم ایگری ٹورازم گاؤں 385 گ ب ہے۔ فیصل آباد کی تحصیل سمندری کے چکوک 385 اور 386 گ ب کو غیر سرکاری طور پر ''جامن ویلیج'' جامن والی ڈکلیئر کیا گیا ہے۔

ان دونوں گاؤں کیساتھ قریب کے دیگر کئی گاؤں اپنی زرخیزی، ماحول اور جامن کے سینکڑوں درختوں ہر مشتمل جامن گارڈن کے باعث قدرتی سیاحت کے لیے بہترین جگہیں بن چکے ہیں۔ یہ پاکستان میں سب سے زیادہ جامن پیدا کرنے والے گاؤں ہیں۔ جامن کی ہارویسٹنگ سیزن میں سینکڑوں ٹرک یہاں سے جامن لیکر پاکستان کی تمام منڈیوں تک پہنچتے ہیں۔ یہاں جامن کا قومی دن سالانہ بنیاد پر جامن کے درختوں کی بہار، خوشبو اور بہترین پھل کی فصل کو ''جامن فیسٹیول'' کی شکل میں منایا جاتا ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جناب طارق تنویر نے جامن فیسٹیول کا انعقاد کرایا۔ اس طرح وہ پاکستان کے پہلے سالانہ جامن فیسٹیول اور جامن کے قومی دن کے آغاز کے بانی ہیں۔ ان فیسٹیول کو منعقد کرنے میں جناب راجہ نعیم کیانی کو چیف آرگنائزر کی حیثیت حاصل ہے۔ ان کی محنت سے ابھی تک مسلسل ہر سال راجہ جامن فارم پر سالانہ جامن میلہ کا انعقاد ان کی لیڈرشپ میں منایا جاتا ہے۔

پاکستان میں پہلا سالانہ جامن میلہ اتوار 19 جولائی 2020 کو چک 386 گ ب میں جامن کا قومی دن منایا گیا۔ دوسرا سالانہ جامن میلہ اتوار 4 جولائی 2021 کو منایا گیا۔ تیسرا سالانہ جامن فیسٹیول و جامن کا قومی دن اتوار 3 جولائی 2022 کو منایا گیا۔ جامن کا چوتھا سالانہ جامن فیسٹیول و قومی دن بروز اتوار 9 جولائی 2023 کو جامن والی گاؤں میں منایا گیا۔ جامن کا قومی دن اور پانچواں سالانہ جامن فیسٹیول اتوار 14 جولائی 2024 کو منایا گیاجبکہ اس سال 2025 میں جامن کا قومی دن و چھٹا سالانہ جامن فیسٹیول 2025 گزشتہ روزمنایا گیا۔

چیف سائنٹسٹ ہارٹیکلچر ملک محسن عباس نے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ جامن فیسٹیول میں شرکت کرنے اور جامن آن لائن خریدنے کے لئے راجہ نعیم کیانی سے رابطہ کیا جائے۔ اس جامن میلہ کے انعقاد میں راجہ نعیم کیانی کے ساتھ ان گاؤں کے بے شمار نوجوانوں کا اہم کردار شامل ہے۔شرکا نے جامن کے درختوں کے سائے میں فوٹو شوٹس کروائے جبکہ لائیو میوزک پر فوک گلوکار سردار بلوندر سنگھ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور مہمانوں کو خوب انجوائے کروایا۔ بچوں اور فیملیز کے لیے تفریحی سرگرمیاں کروائی گئیں۔ مقامی جامن سے بنی مصنوعات کی نمائش کے علاوہ جامن کے پھل سے تیار کردہ ڈشز اور مشروبات کی ورائٹی کی نمائش کیلئے سٹال لگائے گئے۔