ایبٹ آبادپولیس نے دھمتوڑ بائی پاس روڈ پر پشتے کی تعمیر کے باعث ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی

منگل 15 جولائی 2025 16:29

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ایبٹ آباد پولیس نے دھمتوڑ بائی پاس پر پشتے کی تعمیر کے باعث ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا۔ایبٹ آباد ٹریفک پولیس نے منگل کے روز حویلیاں دھمتوڑ بائی پاس روڈ پر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے ،یہ اقدام حالیہ شدید بارشوں کے باعث پل کے پشتے کو پہنچنے والے نقصان اور اس کی مرمت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والی مسلسل موسلادھار بارشوں سے بائی پاس روڈ اور پل کے ساتھ موجود پشتے شدید متاثر ہوئے ہیں جس سے پل کی ساخت کمزور ہو چکی ہے،ہیوی ٹریفک کا دباؤ پل کے مزید نقصان یا ممکنہ حادثے کا باعث بن سکتا ہے،حفاظتی اقدامات کے تحت پشتوں کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے،مرمتی کام کے دوران کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لیے بھاری گاڑیوں بشمول ٹرک،ٹرالر اور بسوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ہلکی گاڑیوں کو محدود نگرانی کے تحت آمد و رفت کی اجازت دی گئی ہے،ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کی نشاندہی کر دی ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط سے کام لیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔