مانسہرہ،ہزارہ یونیورسٹی میں مون سون شجرکاری مہم شروع

منگل 15 جولائی 2025 16:39

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا،ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں فطری حسن کی بحالی،ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیاہے۔شجرکاری مہم میں ایس پی سٹی مانسہرہ ریشم جہانگیر،ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر ایاز شاہ،یونیورسٹی کے ڈینز،اساتذہ، انتظامی افسران اور دیگر ملازمین شریک ہوئے۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شاہ نے کہا کہ شجرکاری صدقہ جاریہ ہے جو نہ صرف زمینی درجہِ حرارت میں کمی کا باعث بنتی ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور سر سبز مستقبل کی ضمانت بھی فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور موجودہ دور میں ماحولیاتی تحفظ نہایت ضروری ہو چکا ہے لہٰذا اس حوالے سے جامع اقدامات ناگزیر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے اس مہم میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ یہ نہ صرف نئی نسل کی تعلیم و تربیت کے مراکز ہیں بلکہ پائیدار ترقی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں،ایس پی سٹی ریشم جہانگیر نےکہا کہ ہزارہ یونیورسٹی شجر کاری،پودوں کی حفاظت اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے احسن اقدامات کر رہی ہے،اس ضمن میں یونیورسٹی کو ڈسٹرکٹ پولیس کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر ایاز خان نے کہا کہ 25 سال قبل یونیورسٹی میں جو پودے لگائے گئے تھے آج وہ تناور درخت بن کر یونیورسٹی کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کا باعث ہیں۔قبل ازیں شجرکاری مہم کے دوران یونیورسٹی کے اندر مختلف مقامات پر انواع و اقسام کے پودے بھی لگائے گئے۔

متعلقہ عنوان :