سندھ ہائی کورٹ نے پانی کی فراہمی سے متعلق شکایت پر کوآپریٹیو سوسائٹی کی رجسٹرار کو انکوائری سے روک دیا

منگل 15 جولائی 2025 16:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے پانی کی فراہمی سے متعلق شکایت پر کوآپریٹیو سوسائٹی کی رجسٹرار کی جانب سے انکوائری کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اگست تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹی کو انکوائری سے روک دیا۔سندھ ہائیکورٹ میں پانی کی فراہمی سے متعلق شکایت پر کوآپریٹیو سوسائٹی کی رجسٹرار کی جانب سے انکوائری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سوسائٹی کے رہائشی نے پانی کی فراہمی سے متعلق صوبائی محتسب کو شکایت کی تھی۔ محتسب نے شکایت پر انکوائری کا حکم دیا۔ سوسائٹی کیخلاف کارروائی صوبائی محتسب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ محتسب کے فیصلے کیخلاف گورنر سندھ کے روبرو اپیل دائر کی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت مے استفسار کیا کہ آپ نے درخواست میں صوبائی محتسب کو فریق ہی نہیں بنایا ہے۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ہم نے رجسٹرار کی انکوائری کو چیلنج کیا ہے۔ سوسائٹی عہدیداران پر کسی مالی بدعنوانی کا الزام نہیں ہے۔ عدالت نے وکیل درخواست گزار کو صوبائی محتسب کو فریق بنانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اگست تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹی کو انکوائری سے روک دیا۔