انسداد تجاوزات آپریشن میں تسلسل یقینی بنایا جائے ،کمشنر راولپنڈی ڈویژن

منگل 15 جولائی 2025 17:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور یہ آپریشنز بلا امتیاز جاری رہیں گے۔اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کرنا، پیدل چلنے والوں کو راستہ فراہم کرنا، اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس سلسلے میں راولپنڈی شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے لیے تمام ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں،اس میں سب سے اہم تجاوزات کا خاتمہ ہے کیونکہ یہ ٹریفک میں خلل کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ شہر کے حسن کو گہنا اور بہت سے حادثوں کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میونسپل افسران اس آپریشن کو مستقل بنیادوں پر سرانجام دیں تاکہ جس جگہ کو کلیئر کیا جائے وہاں دوبارہ تجاوزات نہ ہوں۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں تاکہ شہریوں کو سہولت، بہتر ٹریفک نظام، محفوظ گزرگاہیں اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اگست 2024 سے شروع کئے گئے اس آپریشن کے تحت اب تک مجموعی طور پر 200 ٹرک لوڈز تجاوزات کا سامان ضبط کیا گیا جبکہ اب تک 8144 مختلف اقسام کی تجاوزاتی اشیاء ہٹائی جا چکی ہیں، سڑکوں اور پارکنگ ایریاز کے کناروں پر رکھی گئی 5663 ریڑھیاں ہٹائی گئیں، 1222 غیر قانونی کاؤنٹرز کو ختم کیا گیا جبکہ دکانوں اور گھروں کے سامنے بنائے گئے 577 پلیٹ فارمز کو بھی مسمار کیا گیا۔

اس کے علاوہ نالہ لئی کے راستے بالخصوص گنجمنڈی اور ڈھوک نجو پل سے کٹاریاں پل تک کے علاقوں سے 682 مقامات پر قائم تجاوزات کو بھی ہٹا دیا گیا۔یہ آپریشن راولپنڈی کے اہم علاقوں اور بازاروں میں کیا گیا جن میں باڑا مارکیٹ، تلواڑہ بازار، پرانی سبزی منڈی، کالان بازار، بوہڑ بازار، موتی بازار، لیاقت مارکیٹ، اقبال روڈ، راجہ بازار، نمک منڈی، گنجمنڈی، مری روڈ، سرکلر روڈ، بنی بازار، سعید پور روڈ، سکستھ روڈ، ففتھ روڈ اور ڈبل روڈ، کمرشل مارکیٹ، چراہ روڈ صادق آباد، کوری روڈ صادق آباد اور سروس روڈ صادق آباد شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :