ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب عبدالجبار کا بہاول پور کا دورہ

منگل 15 جولائی 2025 19:49

احمدپورشرقیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب عبدالجبار نے بہاولپور کا دورہ کیا ۔ماڈل ایگریکلچر مال کا منصوبہ کاشتکاروں کے لیے انقلابی قدم ہے، عبدالجبارایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب عبدالجبار نے آج بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ماڈل ایگریکلچر مال کے جاری منصوبے کا جائزہ لیا۔

انہوں نے منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو جلد از جلد کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے کہا کہ یہ ماڈل منصوبہ کاشتکاروں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا، کیونکہ اس کے تحت حکومت پنجاب کی جانب سے کھاد، بیج، پیسٹی سائیڈ اور زرعی مشینری جیسی بنیادی سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس جدید سہولت سے کاشتکاروں کو معیاری اور مستند زرعی سامان کی آسان فراہمی یقینی ہوگی، جس سے ان کی محنت کا بہتر پھل ملے گا اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

بعد ازاں انہوں نے کسان سہولت مرکز، گندم سپورٹ پروگرام سنٹر اور کپاس کی فصل کا بھی معائنہ کیا۔ گندم سپورٹ پروگرام کے تحت کاشتکاروں میں پے آرڈرز کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود کاشتکاروں میں بذاتِ خود پے آرڈرز تقسیم کیے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پے آرڈرز کی ترسیل میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں کو حکومتی امداد بروقت ملے۔

کپاس کے کھیتوں کے دورے کے دوران انہوں نے کاشتکاروں کو مون سون بارشوں کے دوران اور بعد میں فصل کی دیکھ بھال سے متعلق جامع رہنمائی فراہم کرنے کی تاکید کی۔ڈائریکٹر زراعت توسیع بہاولپور ڈویژن محمد جمیل غوری نے ایڈیشنل سیکرٹری کو زرعی سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ احمد نوید احسن،شاہد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ محمد شفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر راشد سرور سمیت محکمہ زراعت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :