وزیرزراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کا مصر کے قومی ادارہ برائے فوڈ سیفٹی کا دورہ

منگل 15 جولائی 2025 19:49

وزیرزراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کا مصر کے قومی ادارہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے مصر میں قومی ادارہ برائے فوڈ سیفٹی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ اس وفد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ترقی پسند کاشتکار حسن رضا و دیگر اہم افراد شامل تھے۔

وفد کا استقبال قومی ادارہ برائے فوڈ سیفٹی مصر کے چیئرمین طارق الحبی نے کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، خوراک کے تحفظ اور فوڈ سیفٹی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے پنجاب میں فوڈ سیفٹی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے مصری حکام کو آگاہ کیا اور مصر کے کامیاب ماڈل کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فوڈ سیفٹی کے شعبے میں دوطرفہ باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور مستقبل میں تجربات کے تبادلے، مشترکہ منصوبہ بندی اور طویل المدتی اشتراکِ عمل پر رضامندی ظاہر کی گئی۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی کی طرح فوڈ سیفٹی بھی نہایت اہم ہے اور صحت مند خوراک، صحت مند زندگی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب صوبے کو فوڈ سیفٹی کے لحاظ سے ایک منفرد مقام دلانے کے لیے پرعزم ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فصلوں کی کوالٹی اور پیداوار میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ خوراکی فصلوں پر زرعی زہروں کے کم سے کم اور محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق طریقے اپنائے جا رہے ہیں۔ وزیر زراعت نے مزید کہا کہ پنجاب میں فوڈ سیفٹی کے لیے مؤثر آگاہی مہم جاری ہے، جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے حکام نے فوڈ سیفٹی میں باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔