ئ*مصور خان اغوا و قتل کیس، مرکزی ملزمان ہلاک، مزید گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں جاری

ح* افغان شہری بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث ہیں ، اعتزاز گورایا

منگل 15 جولائی 2025 19:25

ت*کو ئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء) مصور خان اغوا و قتل کیس کے مرکزی ملزمان سی ٹی ڈی کے آپریشن میں ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم اعتزاز گورایا اور ترجمان بلوچستان حکومت نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مغوی مصور خان کے اغوائ میں ملوث کئی اہم ملزمان یا تو ہلاک ہوچکے ہیں یا قانون کی گرفت میں آچکے ہیں۔

ڈی آئی جی کے مطابق یونس نامی مرکزی ملزم مارا گیا ہے، جب کہ اغوا میں ملوث طیب شاہ کا تعلق باجوڑ سے ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا ایک او ملزم ہشام کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ اس وقت ریمانڈ پر ہے، جب کہ مصور خان کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے جو افغانستان سے لائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اعتزاز گورایا کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزمان محمد یوسف اور بخاری مارے گئے ہیں، جب کہ ریحان نامی ملزم تاحال مفرور ہے۔ اٴْن کا کہنا تھا کہ باقی ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اعتزاز گورایا نے مصور خان کی شہادت کو سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جتنا افسوس کیا جائے کم ہے، حکومت متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان شہری ملوث ہیں، سریاب سے دہشتگرد اشرف کو گرفتار کیا گیا جو افغان شہری ہے، دہشتگرد کو بھوسہ منڈی سے گرفتار کیا گیا، مکان مالک کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے اغواہ کئے گئے بچے کے والدین سے بھاری تاوان کا مطالبہ کر رکھا تھا ۔ تمام دہشتگردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان سے تھا ہم فرار ہونے والے دو دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہے ہیں ۔