ڈی جی ڈبلیو سی ایل اے ملیحہ رشید کا ٹکسالی ایریا، فوڈ سٹریٹ اور حضوری باغ کا دورہ، بحالی کے جاری منصوبوں کا جائزہ

منگل 15 جولائی 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل ملیحہ رشید نے ٹکسالی ایریا، فورٹ روڈ فوڈ سٹریٹ اور تاریخی حضوری باغ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی و بحالی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ملیحہ رشیدنے ڈبلیو سی ایل اے کے افسران کے ہمراہ مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور ان تاریخی ورثوں کی ثقافتی اور فنِ تعمیر کی اہمیت کو بحال کرنے کی کوششوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ ٹیموں کو کام میں مزید بہتری لانے اور رفتار بڑھانے کی ہدایات بھی دیں۔ٹکسالی ایریا میں ملیحہ رشید نے تاریخی ٹکسالی دروازے کی بحالی کے لیے مختص جگہ کا معائنہ اور اس کےساتھ بھاٹی دروازے کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ٹیم کو اپنی تجاویز دیں اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

جیسا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ فوڈ سٹریٹ کے معائنے کے دوران انہوں نے فوڈ سٹریٹ کی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا اور اس میں مزید بہتری کیلئے ہدایات جاری کیں ۔

روشنی، صفائی اور سہولیات میں کی گئی بہتری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ تاریخی طرز کو برقرار رکھتے ہوئے اس علاقے کو مزید خوشگوار اور سیاحوں و شہریوں کے لیے دلکش بنایا جا رہا ہے۔حضوری باغ کے دورہ میں انہوں نے سر سبز باغ اور تاریخی ڈھانچے کی بحالی کے کاموں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے باغ کی قدرتی خوبصورتی اور تاریخی ترتیب کو محفوظ رکھنے کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ملیحہ رشید نے کہا ''ہمارا مقصد لاہور کے تاریخی ورثے کی حفاظت کرنا ہے اور ان مقامات کو زیادہ پر لطف اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔ یہ بحالی کے منصوبے نہ صرف ثقافتی سیاحت کو فروغ دیں گے بلکہ شہریوں کے لیے بھی فخر کا باعث ہوں گے۔ وزیراعلی پنجاب تاریخی ورثے کی بحالی میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور ان کی ہدایات کے مطابق والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ ''انہوں نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :