ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے مبینہ قاتل کی جانب سے رینٹ پر گاڑی لینے کے معاملہ میں گاڑی کی سپرداری کی درخواست خارج

منگل 15 جولائی 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے مبینہ قاتل کی جانب سے رینٹ پر گاڑی لینے کے معاملہ میں گاڑی کی سپرداری کی درخواست خارج کر دی۔

(جاری ہے)

منگل کو گاڑی کے مالک کی جانب سےدائر سپرداری کی درخواست پر سماعت کے دوران موقف اختیار کیاگیاکہ درخواست گزار اور گاڑی کا واردات سے کوئی تعلق نہیں ہے، درخواست گزار مقدمہ میں نامزد یا مطلوب نہیں ہے جبکہ پولیس کی جانب سے کہاگیاکہ متعلقہ گاڑی ملزم عمر حیات نے واردات سے پہلے اور بعد میں استعمال کی تھی،پولیس نے متعلقہ گاڑی کو ملزم کی نشاندہی پر قبضہ میں لیا گیا تھا، درخواست گزار نے رینٹ کا معاہدہ، سی سی ٹی وی فوٹیجز پولیس کو پیش نہیں کی،درخواست گزار اور گاڑی کے ڈرائیور سے مقدمہ میں شہادت مطلوب ہے، عدالت نے پولیس اور درخواست گزار کے دلائل کے بعد سپرداری کی درخواست خارج کردی۔