متحدہ عرب امارات چینی کمپنی سے ایک ارب ڈالر مالیت کی اڑنے والی گاڑیاں خریدے گا

بدھ 16 جولائی 2025 11:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) متحدہ عرب امارات چینی کمپنی سے ایک ارب ڈالر مالیت کی اڑنے والی گاڑیاں خریدے گا۔ شنہوا کی رپورٹ کے مطابق چینی الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ (ای وی ٹی او ایل) بنانے والی کمپنی شنگھائی ٹی سی بی ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کو اب تک ملنے والا سب سے بڑا آرڈر ہے۔ یہ آرڈر متحدہ عرب امارات کی کمپنی آٹوکرافٹ کی طرف سے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں دونوں کمپنیوں کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت ساڑھے تین سو ای20۔ ای وی ٹی او ایل نامی ایئرکرافٹ خریدے جائیں گے۔ یہ معاہدہ گزشتہ سال چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں قائم ہونے والی شراکت داری کے نتیجے میں طے پایا ہے ۔ چینی کمپنی ٹی کیب ٹیک کے تیار کردہ ای۔ 20 ایئر کرافٹ کو کمرشل ایپلی کیشنز، جیسے کم اونچائی پر سیاحت اور شہری فضائی نقل و حرکت کی وجہ سے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی مارکیٹ کومد نظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ پانچ سیٹوں والی ای۔ 20 کی رینج 200 کلومیٹر ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔