لبنان کے مشرقی علاقے وادی بقاع میں اسرائیلی حملے میں 12 افراد مارے گئے

بدھ 16 جولائی 2025 15:14

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) لبنان کے مشرقی علاقے وادی بقاع میں ایک اسرائیلی حملے میں 12 افراد مارے گئے ہیں ۔بی بی سی کے مطابق لبنان کے صوبے بعلبک ھرمل کے گورنر کا کہنا ہے کہ ملک کی مشرقی وادی بقاع میں ایک اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت 7 شامی شہری اور تین لبنانی شہری مارے گئے ہیں۔ گورنر بشیر خضر کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ کے مطابق اس سے قبل دو اموات کی اطلاعات بعلبک ھرمل صوبے کے علاقے شمسطار سے بھی آئی تھیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے لبنانی مسلح گروہ حزب اللہ کے عسکری مقامات اور اس کی رضوان فورس کی تربیت گاہوں کو نشانہ بنایا ہے۔لبنان کی طرف سے اسرائیلی حملے کو جنگ بندی کے معاہدے اور لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی مسلح افواج (آئی ڈی ایف) کے ترجمان اویچے ادرائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ منگل کو کئے گئے حملے میں حزب اللہ کے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ان حملوں میں رضوان فورس سے منسلک مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جو حزب اللہ کا ایلیٹ کمانڈو یونٹ ہے۔آئی ڈی ایف کی طرف سے جاری ہونے والے ایک علیحدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے ستمبر 2024 میں رضوان فورس کے کمانڈروں کو ہلاک کیا تھا اور اس کے بعد سے حزب اللہ کا ایلیٹ یونٹ اپنی صلاحیتوں کو بحال کر رہا ہے۔اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ حزب اللہ کی جانب سے اسلحہ جمع کرنا اور وادی بقاع میں عسکری سرگرمیاں اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی سنگین خلاف ورزی اور اسرائیلی ریاست کے مستقبل کے لئے خطرہ ہیں۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ تازہ اسرائیلی حملے لبنانی حکومت اور حزب اللہ کے لئے واضح پیغام ہے کہ اسرائیل حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کی بحالی کی کسی بھی کوشش کے خلاف پوری قوت سے ردِعمل دینے کے لئے تیار ہے ۔\932