ڈی پی او سرگودھا کی زیر صدارت سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس

بدھ 16 جولائی 2025 17:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرگودھا محمد صہیب اشرف کی زیر صدارت سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ بدھ کو منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرگودھا شہر میں سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کو رواں رکھنے اور شہریوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے وہاں پر مختلف شاہراؤں پر ٹریفک سگنلز کو چالو کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سرگودھا شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب کے حوالہ سے مفصل رپورٹ حکومت کو روانہ کر دی گئی ہے ، حکومت کی جانب سے ان شاہراہوں پر عام سگنلز کی بجائے ٹائمنگ والے سگنل نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک ایجوکیشن ونگ کی جانب سے شہریوں کو سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس کے علاوہ ضلعی پولیس کے افسران مختلف اداروں اور پبلک مقامات پرعوام کو سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے معلومات فراہم کریں گے تاکہ دوران سفر انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے وہ ٹریفک جرمانوں سے بچ سکیں۔

ڈی پی او نےکہا کہ اس سلسلہ میں ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا محمد شہزاد آصف خان بھی متحرک نظر آرہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :