لاہورہائیکورٹ کا بچے ماں کے سپرد کرنے کا حکم

جمعرات 17 جولائی 2025 16:19

لاہورہائیکورٹ کا  بچے ماں کے سپرد کرنے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سپین کی رہائشی خاتون کی جانب سے اپنے دو بچوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے بچوں کو ماں کے سپرد کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر سماعت کی۔پولیس تھانہ پھالیہ، منڈی بہاالدین کی جانب سے دونوں بچوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار خاتون نے موقف اختیار کیا کہ وہ سپین میں اپنے شوہر مظفر حسین کے ساتھ رہائش پذیر ہے، تاہم خاوند نے گھریلو جھگڑے کے باعث پانچ سالہ بیٹی ایشال اور ڈیڑھ سالہ بیٹے شاہویز حیدر کو زبردستی چھین کر پاکستان بھجوا دیا، جہاں وہ شوہر کی دوسری بیوی کے پاس موجود ہیں۔عدالت سے استدعا کی گئی کہ بچوں کو بازیاب کر کے عدالت میں پیش کیا جائے اور ان کے پاکستان سے باہر جانے پر پابندی سے متعلق بھی حکم جاری کیا جائے۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نسیم ثقلین نے عدالت کو بتایا کہ بچوں کے شناختی کارڈ بلاک کر دیے گئے ہیں اور ان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے گئے ہیں۔عدالت نے سماعت 4 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے بچے ماں کے حوالے کرنے کا عبوری حکم جاری کر دیا۔