کراچی میں اندھی گولیاں موت بانٹنے لگیں، نامعلوم سمت سے آنے والی گولی 11 سالہ بچی کی جان لے گئی

جمعرات 17 جولائی 2025 15:58

کراچی میں اندھی گولیاں موت بانٹنے لگیں، نامعلوم سمت سے آنے والی گولی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)شہر قائد میں نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیاں موت کا سبب بننے لگیں اور ڈیڑھ ماہ میں چوتھی بچی شکار بن گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیاں موت بانٹنے لگیں ، پولیس افسران کی عدم دلچسپی نے شہریوں کی زندگیوں کو دائوپر لگا دیا۔سائٹ ایریا میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے کمسن بچی زندگی کی بازی ہار گئی، ڈیڑھ ماہ کے دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے 4 کمسن و نوعمر لڑکے و لڑکیاں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ درجنوں افراد نامعلوم سمت کی گولیوں کا شکار بن کر زخمی بھی ہو چکے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

سائٹ ایریا مستان چالی سلطانی مدرسے و مسجد کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے نوعمر لڑکی جاں بحق ہوگئی، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی جہاں مقتولہ کی شناخت 11 سالہ زینت دختر گل زادہ کے نام سے کی گئی جسے سینے پر گولی لگی تھی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایس ایچ او سائٹ اے عمران آفریدی نے بتایا کہ واقعہ گھر کی چھت پر پیش آیا ہے اور ابتدائی تفتیش کے مطابق زینت چھت پر سو رہی تھی کہ اسے نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سینے پر لگی جو کہ جان لیوا ثابت ہوئی تاہم اس حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ڈیڑھ ماہ کے دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے 4 کمسن و نوعمر بچے و لڑکیاں زندگی سے محروم ہوگئے، گزشتہ ماہ جون میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے 27 جون کو کلاکوٹ عثمان آباد گلی نمبر 3 نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگنے سے 3 سالہ فرقان شدید زخمی ہوا جو بعدازاں زندگی کی بازی ہار گیا۔اس سے قبل جون 22 جون کو ملیر سعود آباد میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگ کر شدید زخمی ہونے والی 11 سالہ کرسیٹنا زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ 6 جون کو چاکیواڑہ کے علاقے بہار کالونی گلی نمبر 16 میں بھی گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگنے شدید زخمی 5 سالہ محمد یحیی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔

ان تمام واقعات کے بعد پولیس کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات بھی دیکھنے میں نہیں آئے جس کا خمیازہ شہری گھروں اور سر راہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کا شکار ہو کر نہ صرف زخمی بلکہ زندگی سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :