تنقید برداشت کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے،سوشل میڈیا پر ٹرولنگ متاثر کرتی ہے ،عیناآصف

بدھ 16 جولائی 2025 19:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) ٹی وی اداکارہ عینا آصف کا کہنا ہے کہ ایک چھوٹی عمر کی اداکارہ ہوتے ہوئے تنقید برداشت کرنا ان کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔معروف برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے جب ڈرامہ مائی ری کیا تھا تو ان کی عمر 14 برس تھی، اب بلاک بسٹر ڈرامہ پرورش کرتے ہوئے انکی عمر محض 16 برس ہے لیکن سوشل میڈیا پر ان کو جس طریقے سے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے اس سے انہیں مایوسی ہوتی ہے ۔

عینا کا کہنا ہے کہ پہلے یہ چیز انھیں بہت زیادہ متاثر کرتی تھی ،اگر میں کچھ بُرا پڑھ لیتی تھی تو میں پوری رات نہیں سو پاتی تھی یہاں تک کہ میں رونا شروع ہو جاتی تھی،ابھی بھی مجھے یہ چیزیں متاثر کرتی ہیں لیکن یہ یاد رکھنا بہت ضروری ہے کہ اگر لوگ آپ کو غلط سمجھ رہے ہیں تو آپ ان کو جوابدہ نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

عینا نے کہا کہ مجھے اگر اپنے کام سے اتنی محبت نہ ہوتی تو میں ان باتوں کی وجہ سے بہت پہلے ہی شوبز چھوڑ چکی ہوتی ۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں میرا سوشل میڈیا حقیقت پسندی پر مبنی ہو، میرے کام کے حوالے سے ہو اور میں ان موضوعات پر بات کروں جو میرے دل کے قریب ہیں جیسے کہ ذہنی صحت جس پر میں روانی سے بات کر سکتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں اگر انڈسٹری کا حصہ رہی اور انھیں موقع ملا تو وہ کام کے اوقات کار میں کمی کرنا چاہیں گی کیونکہ ہمارے ورکنگ آورز بہت زیادہ ہوتے ہیں ،کبھی کبھی دن کے 12 گھنٹے اور اس وجہ سے کچھ اور کرنے کا وقت ہی نہیں ملتا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسروں کی کامیابی پر خوش ہونا چاہیے اور یہ انہوں نے انڈسٹری میں بہت کم دیکھا ہے، انڈسٹری میں بہت زیادہ سخت مقابلے کی فضا ہے۔ عینا کہتی ہیں کہ میں خود کو ایسی کسی صورتحال میں تصور ہی نہیں کر سکتی جس سے مایا یا عینی کو گزرنا پڑا۔ ’مائی ری‘ میں عینی کی ایک بچی تھی، وہ بچی جب کیمرہ دیکھ کر ڈر جاتی اور رونے لگتی تھی تو میں پریشان ہو جاتی تھی کیوں کہ میں خود بھی بچی تھی،ہمارے ڈائریکٹر میثم نقوی نے تب مجھے سمجھایا کہ میری عمر کی جو مائیں ہیں وہ ایسا ہی محسوس کرتی ہیں۔

عینا نے کہا کہ مجھے لگتا ہے اپنی صلاحیت کے حساب سے کردار کی پیشکش ہوتی ہے جیسے کہ ڈرامہ ’وہ ضدی سی‘ کا کردار تھا، اگر لوگ میرے کرداروں کو دیکھ کر یہ مان لیتے ہیں کہ میں 18 برس کی ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ میں اچھی اداکارہ ہوں۔